آر ٹی سی کے 450 ملازمین تاحال کورونا سے متاثر

   

14 ملازمین فوت، خدمات کی بحالی کے بعد سے ملازمین کورونا کا شکار
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس سرکاری محکمہ جات کا تعاقب کررہا ہے۔ مختلف سرکاری دفاتر میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کے بعد اب آر ٹی سی کے ملازمین بھی کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں ابھی تک 450 آر ٹی سی ملازمین کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ ان میں سے 14 فوت ہوئے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ آر ٹی سی خدمات کی لاک ڈاؤن کے بعد بحالی کے نتیجہ میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد آر ٹی سی ملازمین نے اپنی خدمات کا دوبارہ آغاز کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے ملازمین کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ کورونا پازیٹیو پائے جانے پر پریشان نہ ہوں بلکہ عزم و حوصلہ کے ساتھ وائرس کا مقابلہ کریں۔ گاندھی ہاسپٹل یا تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں علاج کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ فوت ہونے والے ملازمین کے افراد خاندان کی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے پازیٹیو پائے گئے ملازمین کو آئسولیشن کٹس فراہم کرنے حکام کو ہدایت دی۔ آر ٹی سی نے ڈسٹرکٹ سرویس کا آغاز کیا ہے تاہم سٹی سرویسس کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈسٹرکٹ سرویس میں مسافرین کی کمی کے سبب آر ٹی سی خسارہ کا سامنا کررہی ہے۔