قومی پرچم کی تلگو ریاست سے تیاری، مرکزی وزیر کشن ریڈی کو ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر ملک بھر میں آزادی کا امرت مہا اتسو منایا جارہا ہے لیکن قومی پرچم کی ایجاد کرنے والے پنگلی وینکیا کو نظر انداز کردیا گیا ۔ پنگلی وینکیا کا تعلق آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم سے ہے اور مہاتما گاندھی نے ان کی جانب سے تیار کردہ قومی پرچم کے ڈیزائن کو منظوری دی تھی ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر پنگلی وینکیا کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہر گھر پر ترنگا لہرانے کا پروگرام ہے لیکن جس شخص نے ترنگا ڈیزائن کیا ، اسے بھلادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنگلی وینکیا کو یاد کئے بغیر یوم آزادی تقاریب منانا ادھورا رہے گا۔ 2 اگست کو وینکیا کا یوم پیدائش ہے، ریاستی حکومت اور کانگریس پارٹی کو مجاہد آزادی کے افراد خاندان کو تہنیت پیش کرنی چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی کو مکتوب روانہ کیا اور قومی تقاریب میں پنگلی وینکیا کی یاد کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو وینکیا اور دیگر مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کا جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں لیکن وہ خود کو دیش بھکت ثابت کرنے میں مصروف ہیں۔ جدوجہد آزادی میں کانگریس کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایک کروڑ قومی پرچم تیاری کا آرڈر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھلی پٹنم میں واقع پنگلی وینکیا کے آبائی مقام پر 2 اگست کو قومی پرچم لہرائیں گے۔ انہوں نے سونیا گاندھی ، ریونت ریڈی اور مانکیم ٹیگور سے اس جانب توجہ کی اپیل کی۔ر