نئی دہلی : انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان اور کیون پیٹرسن نے کرکٹ آسٹریلیا کے دورہ جنوبی افریقہ سے دستبرداری کے فیصلہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کیا آسٹریلیا ہندوستان جیسے طاقتور کرکٹ ملک کے خلاف ایسا فیصلہ کرسکتا تھا ۔کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کو ملتوی کردیا ہے کیونکہ اس کا ماننا ہے کہ میزبان ملک میں کورونا کے نئے معاملات کی وجہ سے صحت کے مسائل درپیش ہے ۔ دریں اثناء وان نے کہا کہ آسٹریلیا کا فیصلہ غلط مثال قائم کررہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آسٹریلیا کا یہ فیصلہ یقیناً کافی تشویشناک ہے ۔ کیا وہ ایسا ہی فیصلہ ہندوستان جیسی ٹیم کے خلاف کرسکتا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسے بڑے ممالک کو اُن ممالک کی مدد کرنی چاہیئے جو کورونا بحران کی وجہ سے مشکل وقت کا سامنا کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں پیٹرسن نے بھی آسٹریلیا کے فیصلہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کیا اگر یہ ہندوستان کا دورہ ہوتا تو آپ ایسے ہی اسے ملتوی کردیتے ۔