SIR مہم اور تنظیمی استحکام پر توجہ، قائدین میں اختلافات پر تشویش، ریونت ریڈی ، میناکشی نٹراجن، مہیش کمار گوڑ اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا آج نئی دہلی میں اجلاس منعقد ہوا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن دامودر راج نرسمہا ، ومشی چند ریڈی ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور ڈی انوسویا سیتکا نے شرکت کی۔ اجلاس میں تلنگانہ میں پارٹی کے تنظیمی استحکام اور SIR مہم کا جائزہ لیا گیا۔ قائدین کا احساس تھا کہ تلنگانہ میں SIR مہم میں پارٹی کارکنوں اور قائدین کو سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے اہل رائے دہندوں کے ناموں کا تحفظ کرنا چاہئے۔ بوتھ سطح کے ایجنٹس اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کو 3 اگست تک چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام بوتھ لیول ایجنٹس اور کوآرڈینیٹرس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ وہ ہر اسمبلی حلقہ میں ناموں کی برقراری کیلئے رائے دہندوں سے تعاون کریں گے تاکہ وہ ضروری دستاویزات پیش کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے تلنگانہ رجسٹر سرٹیفکٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے دوسرے مرحلہ میں ضلع اور منڈل سطح تک درخواستوں کی جانچ میں کانگریس کارکن حصہ لیتے ہوئے ناموں کی برقراری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن رائے دہندوں کو نوٹس موصول ہوگی ، انہیں دستاویزات کے ساتھ جواب دینے میں مدد کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بوتھ لیول ایجنٹس کو ہدایت دی کہ وہ 3 اگست تک اپنے اپنے بوتھس پر چوکس رہیں اور فارمس کے ادخال اور ڈیجیٹلائیزیشن کو یقینی بنائیں۔ ایم ایل سی گریجویٹ نشست کے مجوزہ انتخابات کیلئے کھمم ضلع کے قائدین کو باہمی مشاورت کے ذریعہ حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ گریجویٹ رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست میں شامل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کوآرڈینیشن کمیٹی نے مختلف اضلاع میں پارٹی قائدین میں اختلافات کو ختم کرنے کی ہدایت دی تاکہ تنظیمی سطح پر پارٹی مستحکم ہو۔ قائدین نے اختلافات کی یکسوئی کیلئے قائم کردہ ذیلی کمیٹیوں کو تنازعات کی جلد یکسوئی کا مشورہ دیا۔ قائدین نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے اور اسکیمات سے استفادہ کیلئے رہنمائی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کے الزامات کا سختی سے جواب دیا جائے تاکہ عوام میں حکومت کی کارکردگی پر کوئی الجھن نہ رہے۔ چیف منسٹر نے کوآرڈینیشن کمیٹی اور دیگر پارٹی قائدین کو وزراء کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ اضلاع میں پارٹی کے استحکام کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں بعض قائدین کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے پارٹی کا وقار متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن شکنی چاہے کسی بھی سطح پر ہو ، برداشت نہیں کی جائے گی اور پارٹی ہائی کمان نے سخت کارروائی کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کو اختیارات دیئے ہیں۔1/k