آسٹریلیا کے گرجا گھر میں چاقو بردار شخص کا حملہ، پادری سمیت 4 افراد زخمی

,

   

حملہ آور گرفتار‘ شاپنگ سنٹر حملہ سے اس واقعہ کا کوئی تعلق نہیں

سڈنی:آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے گرجاگھر میں چاقو بردار شخص کے حملے میں پادری سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔گرجا گھر میں پادری پر حملہ تقریر کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ویڈیو میں گہرے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس شخص کو پادری کے پاس جاتے اور چاقو کے وار کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد چرچ میں موجود لوگ حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔خیال رہے کہ سڈنی میں 2 روزقبل بھی شاپنگ مال میں چاقو حملے سے6 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ظاہر نہیں ہوتا۔سڈنی کے ایک شاپنگ سینٹر میں 13 اپریل کو ہونے والے حملے میں ہلاک افراد میں ایک پاکستانی بھی شامل تھا۔خیال رہے کہ ویسٹ فیلڈ نامی شاپنگ سینٹر میں ایک شخص نے خنجر کے وار کرکے 6 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔بیان کے مطابق اس حملے میں مرنے والوں میں پاکستانی گارڈ فراز طاہر بھی شامل ہے جبکہ دیگر 5 خواتین بھی حملے میں ہلاک ہوئیں۔سڈنی میں حملہ آور نے خنجر کے وارکرکے 5 افراد کو ہلاک کر دیا اور متعدد افراد کوزخمی کردیا تھا۔حملے میں 12 خواتین زخمی ہوئیں جبکہ حملہ آور کی شناخت 40 سالہ جوئیل کاؤچی کے نام سے ہوئی ہے۔ حملہ ٓور ایک خاتون پولیس اہلکارکی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔حملہ آور کے والد نے بتایا کہ جوئیل کاؤچی کو خواتین کے ساتھ مسائل تھے، جس کے باعث اس نے یہ حملہ کیا۔پولیس کی جانب سے اب تک حملے کی وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی ہے مگر تحقیقات میں اس پہلو پر زور دیا جا رہا ہے کہ حملہ آور نے دانستہ طور پر خواتین کو ہدف بنایا۔