جوابی پرچوں پر ’جئے شری رام‘ لکھنے والے طلبا کو پاس کردیا گیا!

,

   

اترپردیش کے جونپور کی سرکاری یونیورسٹی کے 2 پروفیسرس معطل

نئی دہلی : اتر پردیش کے جونپور میں ایک سرکاری یونیورسٹی کے دو پروفیسرز کو معطل کر دیا گیا جبکہ طلباء نے مبینہ طور پر اپنے جوابی بیاض (شیٹ) پر ’’جے شری رام‘‘ اور کرکٹرز کے نام لکھ کر امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم دیویانشو سنگھ نے گزشتہ سال 3 اگست کو ایک آر ٹی آئی دائر کی، جس میں فارمیسی کورس کے پہلے سال کے 18 طلباء کے رول نمبر فراہم کرکے ان کی جوابی پرچوں کی دوبارہ جانچ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔دیویانشو سنگھ نے الزام لگایا کہ پروفیسر ونے ورما اور آشیش گپتا نے طالب علموں کو پاس کرنے کے لیے رشوت لی ہے۔ انہوں نے باضابطہ شکایت درج کرائی اور اس سلسلہ میں ریاستی گورنر کو ثبوت بھی پیش کیے گئے تھے۔جوابی پرچوں کی جانچ کے بعد پتہ چلا کہ جن طلباء نے ’’جے شری رام‘‘ جیسے نعرے لکھے تھے اور روہت شرما، ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا جیسے کرکٹرز کے ناموں کو اپنے جوابی بیاض میں تحریر کیا تھاانہیں غیر واضح طور پر پاس (کامیاب قرار) کردیا گیا اور وہ بھی 50 فیصد نمبرز دیکر انہیں اچھا گریڈ بھی دیا گیا۔راج بھون نے شکایت موصول ہونے کے بعد 21 دسمبر 2023 کو تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کے بعد جوابی پرچوں کی بیرونی جانچ پڑتال ایک جانچ کمیٹی کے ذریعے کی گئی۔ وائس چانسلر وندنا سنگھ نے تصدیق کی کہ غلط تشخیصی عمل میں ملوث دو پروفیسروں کو برخاست کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔