آسکر ایوارڈس : ’’پیرازائٹ‘‘ بہترین فلم، رینی زیلویگر

,

   

بہترین اداکارہ اور جوکین فینکس بہترین اداکار
لاس اینجلس ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے آسکر ایوارڈ کی تاریخ میں ’’پیرازائٹ‘‘ نامی فلم کے ذریعہ بہترین فلم کا ایوارڈ بالآخر حاصل کیا اور اس طرح مذکورہ فلم غیرانگریزی شعبہ میں آسکر ایوارڈ کی 92 سالہ تاریخ میں پہلی فلم بن گئی۔ ڈائرکٹر بون جون ہو اس وقت خوشی سے پھولے نہیں سمارہے تھے جب انہیں اپنی فلم کے آسکر ایوارڈ جیتنے کی اطلاع ملی۔ اسی طرح ہالی ووڈ ایکٹریس رینی زیلویگر نے اپنے کریئر کے آخری دنوں میں ماضی کی عظیم اداکارہ و گلوکارہ جوڈی گارلینڈ کا رول ادا کرتے ہوئے بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔ رینی نے 15 سال قبل فلم ’’کولڈ ماؤنٹین‘‘ کیلئے بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا جبکہ ایک دیگر ہالی ووڈ اسٹار جوکین فینسکس کو ’’جوکر‘‘ نامی فلم میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ قبل ازیں جوکین نے بافٹا، گولڈن گلوب اور اسکرین ایکٹریس گلڈ ایوارڈس حاصل کئے تھے۔ اس موقع پر شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی جہاں ریاپرایمینیم نے اپنے مقبول ٹریک ’’لوز یورسیلف‘‘ کے ذریعہ شائقین کو بیحد محظوظ کیا جن کی وہاں موجود سامعین نے کھڑے ہوکر تالی بجاتے ہوئے عزت افزائی کی۔