حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن نے آشا ورکرس کے ساتھ پولیس کے نازیبا رویہ کے معاملہ کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن کی صدرنشین این شاردا نے میڈیا میں شائع خبروں اور تصاویر کی بنیاد پر پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ آشا ورکرس تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں احتجاج کررہے تھے۔ پولیس نے گرفتاری سے قبل احتجاجیوں پر لاٹھی چارج کیا۔ کمشنر میڈیکل اینڈ ہیلت کے دفتر واقع کوٹھی کے روبرو 9 ڈسمبر کو احتجاج منظم کیا گیا تھا۔ احتجاج اس وقت پُرتشدد ہوگیا جب اے سی پی شنکر اور انسپکٹر سرینواس چاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آشا ورکرس پر طاقت کا استعمال کیا جس میں کئی خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں عثمانیہ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ ویمنس کمیشن نے پولیس کی رپورٹ کی بنیاد پر خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی حکومت سے سفارش کا فیصلہ کیا ہے۔1