آفات سے نمٹنے کیلئے طلبہ کا تربیتی پروگرام

   

کریم نگر۔ 15ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شاتاواہن یونیورسٹی کے دائرہ کار میں مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والے 120 این ایس 1ایس رضاکاروں کو یوا آپدا متر اسکیم کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔ ان رضاکاروں کو 16 تا 22 ستمبر ایک ہفتے تک منچریال ضلع کے گڈی پیٹ میں واقع 13ویں بٹالین میں آفات سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔مرکزی حکومت کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تربیت کا مقصد قدرتی آفات اور انسانی غلطیوں سے پیش آنے والے حادثات کے دوران امدادی و بچاؤ کارروائیوں، پیشگی احتیاطی تدابیر اور ہنگامی حالات میں مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لیے نوجوانوں کو تیار کرنا ہے۔تربیت کے دوران ہر رضاکار کو تقریباً 10 ہزار روپئے مالیت کی ڈیزاسٹر ریلیف کٹ فراہم کرنے کے ساتھ بیمہ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس سلسلے میں 120 این ایس ایس رضاکار دو بسوں کے ذریعے منچریال کے لیے روانہ ہوئے۔ شاتاواہن یونیورسٹی کے او ایس ڈی ڈاکٹر ڈی ہری کانت اور ضلع یوتھ آفیسر جی تروپتی ریڈی نے جھنڈی دکھا کر بسوں کو روانہ کیا۔اس موقع پر آرٹس کالج کی پرنسپل پروفیسر کے پدماوتی، این ایس ایس پروگرام افسران ڈاکٹر ڈی وجے کمار، ڈاکٹر کے تروپتی، ڈاکٹر کے ارجن، محترمہ الزبتھ رانی، ڈاکٹر وینکٹیشورلو، ڈاکٹر سنگیتا رانی، ڈاکٹر اروند اور دیگر موجود تھے۔ یونیورسٹی حکام نے امید ظاہر کی کہ رضاکار اس تربیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے آفات سے نمٹنے کی عملی مہارتیں حاصل کریں گے اور مستقبل میں ہنگامی حالات کے دوران عوام کو مؤثر خدمات فراہم کریں گے۔