آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے لا جرنل کا اجراء کپل سبل کے ہاتھوں ہوا

   

نئی دہلی: انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں آج آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے لاجرنل ’’جرنل آف لا اینڈ ریلجس افیرس‘‘ کا اجراء کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سنیئر وکیل اور سابق مرکزی وزیر برائے لا اینڈ جسٹس جناب کپل سبل صاحب نے کہا مسلم کمیونٹی کو مختلف اشوز پر انتظار کرنے یا ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے خود اقدام کرنا چاہئے۔ مثلاً خواتین کا نماز کے لئے مساجد میں جانا، مختلف تنازعات میں راستہ نکالنے کے لئے اجماع اور قیاس کے راستے کو شریعت کے حدود میں رہتے ہوئے استعمال کرنا چاہئے۔

لاجرنل کی ضرورت، اہمیت و افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی کلیدی تقریر میں بورڈ کے جنرل سکریٹری اور جرنل کے چیف ایڈیٹر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے ایڈوکیٹ کپل سبل اور محترم سنجح ہیگڈے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی موجودگی سے اس پروگرام کو زینت بخشی۔ انہوں نے آگے کہا کہ اس جرنل کا اجرا کے ذریعہ بورڈ اپنے قارئین کو قانون کی اہمیت اور قانون کے ذریعہ سماج میں امن اور اسلامی شریعت کے نفاذسے واقف کرانا چاہتا ہے اسی طرح اس کا ایک بنیادی مقصد ان غلط فہمیوں اور اعتراضات کو بھی رفع کرنا ہے جو احکام شرعیہ کے تعلق سے وقتاً فوقتاً اٹھائے جاتے ہیں۔ جرنل کے ایڈیٹر ایڈوکیٹ جناب ایم آر شمشاد صاحب نے جرنل کے اجرا کے بعد کہا کہ ہم دانشوروں، اساتذہ، ماہرین قانون سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے مضامین اور آرائے سے اس جرنل کی فادیت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڈے نے اس موقعہ پر کہا کہ دانشورانہ اور تحقیقی کوششوں کے ذریعہ ہم عوام تک پہنچ سکتے ہیں اس طرح کے جرنل کے ذریعہ لوگوں کے کنفیوژن کو دور کرسکتے ہیں۔ ہندوستان میں بہت سارے ماہرین قانون نے پرسنل لا کے اشوز پر قیمتی اضافے کئے ہیں۔ ہمیں امریکہ کی سول لبرٹی یونین سے سیکھنا چاہئے کہ کس طرح انہوں نے اپنی جدوجہد سے مساوات کی لڑائی اور قوانین کے اصول و نظریات کو ترتیب دیا ہے۔ اس موقع پر بورڈ کے نائب صدر جناب ڈاکٹر سید علی محمد نقوی صاحب، مولانا محمد فضل الرحیم مجدددی صاحب سکریٹری بورڈ، جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی صاحب، مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب شاہی امام مسجد فتحپوری نے بھی مختصر تقاریر سے پروگرام کو زینت بخشی۔

جناب کمال فاروقی صاحب نے عزت مآب جسٹس کے جی بالا کرشنن سابق چیف جسٹس آف انڈیا، عزت مآب جناب بدر دریز سابق چیف جسٹس، اور عزمآب اودے سنگھ سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف انڈیا کے پیغامات پڑھ کر سنائے اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس صاحب نے کی۔