آملہ کی ونڈے ٹیم میں واپسی، عمران اور تبریز بھی شامل

   

جوہانسبرگ۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز کے لیے 14رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار اوپنرہاشم آملہ کی واپسی ہوئی اور ٹی20 لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وین ڈر ڈوسن پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تین ٹسٹ میچوں کے بعد پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گی جس کا پہلا مقابلہ 19 جنوری کو ہو گا۔ جنوبی افریقہ نے ونڈے سیریز کے لئے معلنہ ٹیم میں راسی وین ڈر ڈوسن کو بھی شامل کیا ہے جو مانسی سوپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں 469 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب رہے ۔ گزشتہ سال نومبر میں زخمی ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہونے والے ہاشم آملہ کی بھی واپسی ہوئی ہے تاہم زخمی جین پال ڈومینی اور لنگی نگیدی کو منتخب نہیں کیا گیا۔ معلنہ ٹیم میں کپتان فاف ڈیوپلیسی، ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، عمران طاہر، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ڈین پیٹرسن، ایندل فلکوایو، ڈوان پریٹوریس، کگیسو ربادا، تبریز شمسی، ڈیل اسٹین اور راسی وین ڈر ڈوسن شامل ہیں۔