آندھراپردیش میں راشن کارڈ ہولڈرس کو گھروں پر چاول کی سربراہی

   


الیکشن کمیشن نے اسکیم پر روک لگادی، ہائی کورٹ نے از سر نو جائزہ لینے کی دی ہدایت

حیدرآباد: آندھراپردیش ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ عوامی نظام تقسیم کے چاول کی راشن کارڈس ہوٹلڈرس کے گھروں پر سربراہی کی اہمیت کے بارے میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو واقف کرائے۔ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ استفادہ کنندگان کو گھر پر چاول کی سربراہی کے بارے میں اندرون پانچ یوم فیصلہ کرے۔ پنچایت انتخابات کے پیش نظر اسٹیٹ الیکشن کمیشن اسکیم پر عمل آوری کے بارے میں قطعی فیصلہ کرے گا ۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے حکومت کو ہدایت دی کہ یکم فروری کو شروع کی جانے والی اسکیم پر عمل آوری نہ کی جائے کیونکہ پنچایت انتخابات کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ میں ہاؤز موشن داخل کرتے ہوئے اسکیم پر عمل آوری کی ہدایت دینے کی خواہش کی۔ جسٹس جے بخشی نے اپنی قیامگاہ پر درخواست کی سماعت کی اور چیف سکریٹری و دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم کی اہمیت سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔ عدالت نے واضح کردیا کہ قطعی فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہوگا۔ جسٹس بخشی نے کہا کہ فیصلہ کرنے سے قبل الیکشن کمیشن کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ اسکیم پر عمل آوری کسی سیاسی جماعت کی جانب سے نہیں کی جارہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسکیم پر عمل آوری کو انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر روکنے کے فیصلہ کو غلط قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ الیکشن کا انعقاد کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تمام امور کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہئے ۔