آندھرا میں خواتین کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات

   

کڑپہ میں ڈوکرا گروپ کمیٹی ہال کا افتتاح ، ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ کا خطاب

کڑپہ ۔ نائب وزیر اعلی آندھراپردیش مسٹر ایس بی امجد پاشاہ نے آج کڑپہ کے 46 ویں ڈیویژن میں ڈوکرا گروپ کمیٹی ہال کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت میں خواتین کی ہمہ جہت ترقی کی پابند عہد ہے ۔ اس سلسلے میں کئی ٹھوس اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ مسٹر امجد پاشاہ نے کہا کہ شہر کڑپہ میں خواتین کے 350 خود مکتفی گروپس ہیں ۔ ان گروپس کیلئے اجلاس منعقد کرنے کیلئے میٹنگ ہال پہونچا تھا ۔ خواتین گروپ کی نمائندگی پر اس علاقہ کو کارپوریٹر شری دیوی کے تعاون سے ایک میٹنگ ہال تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جو آج مکمل ہوچکا ہے ۔ جس میں تمام سہولیات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خود مکتفیگروپس کو مستحکم کیا جائے گا ۔ گذشتہ حکومت نے خواتین کے گروپس کے ساتھ ناانصافی کی تھی ۔ جبکہ وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے انتخابات کے موقع پر خواتین کو دئے گئے تمام تیقنات کو پورا کیا ۔ ان کے قرضے معاف کئے گئے اور نئے قرضے بلاسود کے 5 مرحلوں میں دئے جارہے ہیں ۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے انتخابات کے موقع پر ریاستی عوام کو دئے گئے تیقنات میں سے 95 فیصد وعدوں کی تکمیل کی جاچکی ہے ۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹر شری دیوی ، کارپوریٹر پی سریش ، جمال پاشاہ ، ہری پرساد ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔