ریاست کے 13ہزار گاووں میں پد یاتراوں کا انعقاد۔ ریاستی صدر ویرا راجو کا بیان
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں سیاسی اتحاد سے متعلق قیاس آرائیوں کے درمیان بی جے پی نے اعلان کردیا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں آندھرا پردیش میں جناسینا پارٹی سے اتحاد کرے گی ۔ بی جے پی آندھرا پردیش کے صدر سوما ویرا راجو نے آج اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 2024 کے عام انتخابات میں جنا سینا پارٹی سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی ریاست کے 13000 گاووں میںپدیاترا کا آعاز کرے گی اور جملہ 15 ہزار کیلومیٹر کا فاصلہ طئے کیا جائیگا ۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پد یاترا کا مقصد ریاست میں اقتدار حاصل کرنا ہے ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر ریاست کے نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست کے پسماندہ طبقات کو محض ایک ووٹ بینک سمجھتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جنا سینی پارٹی کے صدر پون کلیان صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ 8 جنوری کو وزیر داخلہ امیت شاہ کرنول اور ہندو پور میں عام جلسوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ نیلور ضلع میں کندوکور میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ پر ویرا راجو نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ ہے اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ عوامی پروگرامس میں نظم و ضبط کو برقرار رکھے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ آندھرا پردیش میں بی جے پی کا جنا سینا اور تلگودیشم پارٹی سے اتحاد ہوگا اور تینوں جماعتیں مفاہمت کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرسکتی ہیں۔ تاہم اب بی جے پی نے جنا سینا پارٹی سے اتحاد کا اعلان تو کردیا ہے لیکن تلگودیشم کی اس اتحاد میں شمولیت کے تعلق سے کوئی اظہار خیال نہیں کیا گیا ۔ جنا سینا نے پہلے بی جے پی کے ساتھ کسی اتحاد کے امکانات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ بی جے پی یا تلگودیشم کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والی جماعت نہیں ہے تاہم اب بی جے پی کی جانب سے باضابطہ جنا سینا سے اتحاد کا اعلان کردیا گیا ہے ۔