آندھرا پردیش کے ضمنی انتخابی نتیجہ کا اعلان

   

آتما کور حلقہ سے وائی ایس آر کانگریس کو کامیابی
حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) آندھراپردیش ضلع نیلور میں حلقہ اسمبلی آتماکور کے ضمنی انتخابات میں وائی ایس آر سی پی امیدوار ایم وکرم ریڈی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ آنجہانی وزیر آندھراپردیش ایم گوتم ریڈی کے اچانک گذر جانے کے بعد آتما کور کی نشست مخلوعہ تھی اور اس پرضمنی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی وائی ایس آر کانگریس نے آنجہانی وزیر کے بھائی میکاپاٹی وکرم ریڈی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ آتما کور کے ضمنی انتخابات میں وکرم ریڈی نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار کو 82ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دیتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے آتما کور حلقہ اسمبلی سے وائی ایس آر سی پی امیدوار کی کامیابی کو عوام کا وائی ایس آر سی پی پر بھروسہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی فلاح و بہبود کی اسکیمات کے سبب وائی ایس آر سی پی عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہی ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ آتماکور حلقہ اسمبلی کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام بھائیوں اور بہنوں کے شکر گذار ہیں جنہوں نے وائی ایس آر سی پی امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کے استعمال کے ذریعہ ان کی کامیابی کی راہ ہموار کی ہے۔ نومنتخبہ رکن اسمبلی وکرم ریڈی نے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو ذمہ داری تفویض کی ہے وہ اسے بخوبی نبھائیں گے اور عوام نے ان پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر وہ عوام کے مشکور ہیں اور کوشش کریں گے کہ وہ عوامی توقعات کے مطابق حلقہ اسمبلی کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔م