آندھرا پردیش کے 27 ارکان اسمبلی کی کارکردگی ناقص، جگن کی برہمی

   

نومبر میں ایک اور سروے ہوگا، ارکان اسمبلی کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ارکان اسمبلی کی کارکردگی کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ ابتدائی سروے کے مطابق 27 ارکان اسمبلی کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہے جس کا اظہار خود چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے کیا ہے۔ جگن موہن ریڈی نے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر موصولہ رپورٹ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تمام نشستوں پر بہتر مظاہرے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 ارکان اسمبلی کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہے اور اگر ارکان اسمبلی اپنی کارکردگی بہتر نہ بنائیں تو انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں ایک اور سروے کے ذریعہ ارکان اسمبلی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف منسٹر نے پرشانت کشور کے ادارہ آئی پیاک کی جانب سے دی گئی رپورٹ کو اجلاس میں پیش کیا اور کمزور کارکردگی والے ارکان کے نام بھی پڑھ کر سنائے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ناقص مظاہرے والے ارکان پر اپنی ناراضگی جتائی اور کہا کہ آئی پیاک کی پروگریس رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ ارکان اسمبلی کیلئے آخری موقع ہے کہ اپنی کارکردگی درست کرلیں۔ جگن موہن ریڈی اسمبلی کی تمام 175 نشستوں پر کامیابی کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نومبر میں ایک اور پروگریس رپورٹ پیش کی جائے گی۔ر