آن لائن خریداری میں چوکسی برتنے عوام سے اپیل

   

فرضی فوجی اہلکار ظاہر کرتے ہوئے دھوکہ دینے کے واقعات میں اضافہ
حیدرآباد۔23جولائی ( سیاست نیوز) آن لائن پرمستعملہ اشیاء کی خریداری کے رجحان میں ان دنوں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ۔ اس عوامی رجحان کو دیکھتے ہوئے سائبر دھوکہ بازوں نے عوام کو ٹھگنے کا آسان طریقہ دریافت کرلیاہے ۔ عوامی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے ان کے احساسات کا استحصال کرتے ہوئے خود انہیں دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ آرمی اور ملٹری ملازمین کی فرضی پہچان بتاتے ہوئے آن لائن عوام کو لوٹ لیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے عوام کو چوکنارہنے کی درخواست کی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر آباد ، سائبر کرائم مسٹر سی ایچ وائی سرینواس کمار نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار و چوکنارہیں ۔ خود کو آرمی اور ملٹری کے ملازم ظاہر کرتے ہوئے آن لائن خرید و فروخت کی مصروف ویب سائیٹس OLX اور Quikar پر پوسٹ کیا جاتا ہے کہ ہم ذمہ داری کے سلسلہ میں حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور اب ملازمت کے سلسلہ میں دوبارہ اپنے مقام کو منتقل ہورہے ہیں لہذا ہم نے جو سامان خریدا تھا اس کو 50تا 60 فیصد کم دام میں فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔اس بات پر اگر کوئی ان سے بات کرتا ہے تو پھر یہ چالاک افراد عوام کو اپنے جال میں پھانستے ہیں اور کئی مرتبہ نہایت ہی کم قیمت کالالچ بھی دیا گیا جیسے ہی رابطہ شروع ہوتا ہے یہ ٹولی آہستہ آہستہ اس شخص ( شکایت گذار) کی تمام تفصیلات حاصل کرلیتے ہیں اور پھر رقم آن لائن روانہ کرنے کی شرط رکھتے ہوئے آن لائن رقم اکاؤنٹ کے ذریعہ پہنچنے کے بعد وہ اچانک غائب ہوجاتے ہیں ۔ اے سی پی کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں بہت زیادہ چوکس رہنا چاہیئے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ سائبر دھوکہ دہی کے معاملت میں احتیاط ہی علاج سے بہتر ہے ۔ کسی کو بھی اپنی تفصیلات روانہ نہ کریں اور احتیاطی تدابیر کو استعمال کریں ۔