آن لائن سٹہ کے عادی نوجوان نے خودکشی کرلی

   

حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) آن لائن سٹہ کے عادی طالب علم کی خودکشی کا واقعہ گڈی ملکاپور پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 20 سالہ منوج نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ایس منوج گڈی گڈی ملکاپور کے ساکن ایس بالا کرشنا کا بیٹا تھا جو بی ٹیک سال سوم ایروناٹیکل انجینئرنگ میں زیر تعلیم تھا۔ منوج آن لائن گیمس کا عادی تھا اور آن لائن سٹہ کا عادی بن گیا تھا۔ آن لائن گیمس کیلئے اس نے تین لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا تھا اور کھیل میں شکست کے بعد قرض کی ادائیگی کیلئے پریشان ہوگیا تھا اس نے کل انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
نوجوان لڑکی کی خودکشی
حیدرآباد 27 فروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ نیوبابا نگر میں ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی جو ذہنی طور پر کمزور بتائی گئی ہے۔ بالاپور پولیس کے مطابق 21 سالہ شماء بیگم جو نیو بابا نگر کے ساکن لیاقت علی کی بیٹی تھی نے کل انتہائی اقدام کرلیا۔ لڑکی کی والدہ تسلیم بیگم نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی ذہنی کمزور تھی۔ تسلیم بیگم کئی برسوں سے شوہر سے علیحدگی کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ نیو بابا نگر میں قیام پذیر ہیں۔ شماء بیگم نے سابق میں بھی انتہائی اقدام کی کوشش کی تھی ۔ع