آن لائن ٹیکسی ، آٹو اور کیاب ایپس کی من مانی عوام کی جیب پر ڈاکہ

   

معمولی بارش ، بادل چھا جائیں ، ٹریفک کی بھیڑ ہو یا تہواریں ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی خاموش تماشائی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد اور ریاست میں آن لائن ٹیکسی ، آٹو اور کیاب ایگریگٹیر اور پرائیوٹ بسیں مسافرین کی سہولت کے بجائے شدید مالی و ذہنی عذاب بن چکی ہیں ۔ معمولی بارش ہو ، بادل چھا جائیں ، ٹریفک کی بھیڑ بڑھے یا تہواروں کا موقع ہو ایگریگٹیر کمپنیاں اور ڈرائیورس من مانی کرائے وصول کر کے مسافروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں ۔ دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ صرف اپنی آمدنی بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔ اور عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ سرج پرائزنگ کا نام نہاد بہانا کیا جاتا ہے ۔ ایک ہی وقت اور ایک ہی راستے کے لیے مختلف ایگریگٹیر ایپس کے کرایوں میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے ۔ کتنا کرایہ بڑھایا جاسکتا ہے اس کا کوئی اصول و ضوابط طئے نہیں ہوتا ۔ ایپ پر رائڈ کنفرم ہوتے ہی ڈرائیور فون کر کے لوکیشن اور منزل پوچھتے ہیں ۔ اگر فاصلہ کم ہو تو فوری بکنگ منسوخ کردیتے ہیں ۔ کئی ڈرائیورس ایپ پر اضافی ٹپ یا زائد رقم کا اختیار دیکھنے کے بعد ہی سفر قبول کرتے ہیں ۔ جس سے ہنگامی صورتحال میں مسافر گھنٹوں پریشان رہتے ہیں ۔ بین ریاستی سفر کے لیے ایپ کے ذریعے کار بک کرنے والوں سے ڈرائیورس اور کمپنیاں 2 ہزار سے 3 ہزار روپئے اضافی پرمٹ فیس وصول کررہی ہیں ۔ پرمٹ ایک ہفتے ، ایک مہینے یا سال کا ہوتا ہے ۔ مگر ہر سنگل ٹرپ پر مسافروں سے پورے ہفتے کے پرمٹ کے پیسے اینٹھے جارہے ہیں ۔ مثال کے طور پر مریال گوڑ سے نارکیٹ پلی آنے والی گاڑیوں کو نلگنڈہ سے منگوڑ کے راستے موڑ دیا جاتا ہے ۔ جہاں کوئی ٹول پلازہ نہیں ہے ۔ مگر ایپ پر ٹول فاصلہ دکھا کر مسافرین سے رقم وصول کی جاتی ہے جس سے ان کا وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتے ہیں ۔ تعطیلات اور تہواروں کے موقع پر پرائیوٹ بس مالکین مسافرین کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں 50 سے 100 فیصد تک کا من مانی اضافہ کردیتے ہیں ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سالانہ رجسٹریشن ، پرمٹس ، روڈ سیفٹی سیس اور چالان کی شکل میں ہزاروں کروڑ روپئے کا ریونیو جمع کررہا ہے ۔ نئی ایگریگٹیر پالیسی میں بھی محکمہ کی تمام تر توجہ صرف اپنی آمدنی بڑھانے پر مرکوز ہے ۔ عوام اور مسافروں کا مطالبہ ہے کہ آن لائن ایپس ، پرائیوٹ بسوں ، آٹوز کے کرایوں کی فوری حد مقرر کی جائے اور ان کی من مانی پر لگام لگائی جائے ۔۔ 2/m/b