آن لائن چائنیز سٹہ بازی کا ریاکٹ

   

دو افراد گرفتار، پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے چین سے تعلق رکھنے والی آن لائن گیمنگ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ایس پولیس نے 8 چائنیز کمپنیوں کی نشاندہی کی ہے جس کے ذریعہ آن لائن سٹہ بازی چلائی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ آن لائن سٹہ بازی کی ویب سائیٹس کے ذریعہ چین سے یہ آن لائن سٹہ بازی کا ریاکٹ چلایا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ چائنیز آن لائن کے ذریعہ 1100 کروڑ کی سٹہ بازی کی گئی ہے اور اس ضمن میں بینک کھاتوں سے کئی سنسنی خیز انکشاف موصول ہوئے ہیں۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس ریاکٹ میں ملوث چینی باشندوں یہو اور دیگر افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سٹہ بازی ریاکٹ کے خلاف مختلف ریاستوں سے 28 شکایتیں موصول ہوئی ہیں اور پولیس اس ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کے بعد مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کی مدد سے اس ریاکٹ کے بارے میں تفصیلی تحقیقات کرے گی تاکہ مزید سازش کا پردہ فاش کیا جاسکے۔