آوٹر رنگ روڈ پر حادثات ، کیابس ڈرائیورس کو احتیاط کا مشورہ

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : آوٹر رنگ روڈ ( او آر آر ) پر ہونے والے حادثات کی اصل وجہ ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے رفتار کی مقرر کردہ حد کو پار کرنا ہے جیسا کہ سائبر آباد پولیس نے 2018 کے اعداد و شمار جاری کئے ہیں جن میں یہ واضح ہوگیا کہ آوٹر رنگ روڈ پر حادثات کی ایک اہم وجہ کاروں کی 100 کلومیٹرس رفتار سے زیادہ ہونا ہے اور خاص کرایرپورٹ کو جانے والی او آر آر پر حادثات کے زیادہ واقعات درج ہوئے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس کو سوشیل میڈیا کے توسط سے شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔ جن پر نہ صرف کارروائی کی گئی ہے بلکہ سال بھر جمع شدہ مواد کی روشنی میں جو اعداد و شمار جاری ہوئے ہیں ان میں واضح ہوا ہے کہ او آر آر پر 100 کلو میٹرس کی جو اعظم ترین رفتار مقرر کی گئی ہے اس سے کاریں تجاوز کرگئی ہیں اور یہ تیز رفتار کاریں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں ۔ کاروں کی رفتار حد سے تجاوز کرنے میں کیابس ڈرائیورس سب سے آگے ہیں کیوں کہ یہ مسافرین کو گھر سے ایرپورٹ اور ایرپورٹ سے گھر پہنچانے میں جلد بازی سے کام لیتے ہیں ۔ علاوہ ازیں گچی باولی سے ایرپورٹ کا سفر بھی پر خطر ہے کیوں کہ یہاں مسافرین کی اکثریت آئی ٹی شعبہ میں کام کرنے والوں کی ہوتی ہے جو کہ کم وقت میں زیادہ کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس نے ٹرافک کے قوانین کی پاسداری کرنے کے علاوہ آوٹر رنگ روڈ پر 100 کلومیٹرس کی رفتار سے تجاوز نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔۔