آٹھویں کے بعد لڑکیوں کیلئے علحدہ اسکول : مولانا مدنی

   

دیوبند: جمعیتہ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی نے مسلم کمیونٹی کے ارکان سے کہا ہیکہ وہ آٹھویں جماعت کے بعد لڑکیوں کیلئے علیحدہ اسکول کھولیں، اس بنیاد پرکہ انہیں مخلوط تعلیمی اداروں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات اتر پردیش کے دیوبند میں مغربی اترپردیش کے عہدیداروں کی ایک کانفرنس کے دوران کہی۔ جمعیتہ کے ریاستی نائب صدر مولانا نذر نے بیان کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کی حفاظت کیلئے پریشان ہیں کیونکہ ماضی میں چند تنظیموں نے مالی امداد اور 6ماہ کیلئے مفت رہائش کا اعلان کیا تھا بشرطیکہ ہندو کسی مسلمان لڑکی کو اس سے شادی کرنے پر راضی کراتا ہے۔ ایسا رجحان بھائی چارہ کیلئے خطرناک اور معاشرے میں ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے۔ مغربی یوپی کے 17 اضلاع سے 1,500 مندوبین نے کانفرنس میں شرکت کی جہاں فرقہ واریت سے لیکر مختلف موضوعات پر بات کی گئی۔