جلسہ عام سے سید عزیز پاشاہ، سابق ایم پی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 مئی (پریس نوٹ) پاکستانی دہشت گرد اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے ہندوستانی فوج کے آپریشن سندور کی تائید و حمایت اور اس فوجی کارروائی سے اظہاریگانگت میں آج مخدوم بھون سے ایک جلوس نکالا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد بشمول برقعہ پوش خواتین نے حصہ لیا۔ تلگو اکیڈیمی پہنچنے کے بعد یہ جلوس مڑ گیا اور ہال 313، لنگاپور ہاؤز حمایت نگر میں ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا جہاں آئی ایس سی یو ایف اور اے آئی پی ایس او کا دفتر واقع ہے۔ جلسہ کی صدارت مسٹر آر گوپال صدر آئی ایس سی یو ایف (انڈین سوسائٹی فار کلچرل کوآپریشن اینڈ فرینڈشپ) نے کی اور مخاطب کیا۔ جناب سید عزیزپاشاہ سابق ایم پی اور پریسیڈیم ممبر آئی ایس سی یو ایف دہلی بحیثیت مہمان خصوصی اس جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے پاکستان کی دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف ہندوستانی فوج کی کارروائی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ جناب عزیز پاشاہ نے ان کے حالیہ دورہ ماسکو کے بارے میں بھی بتایا جو فاشیزم پر فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے کیا گیا تھا جس میں 91 ممالک نے شرکت کی۔ مسٹر بی پربھاکر، جنرل سکریٹری آل انڈیا اسوسی ایشن آف لائرس، مسٹر ایس پربھاکر راؤ ورکنگ پریسیڈنٹ آئی ایس سی یو ایف نے اس جلسہ سے مخاطب کیا۔ آخر میں مسٹر منیر پٹیل کے شکریہ کے ساتھ اس جلسہ عام کا اختتام ہوا۔