آپریشن کے بعد روئی خاتون کے پیٹ میں چھوڑ دی گئی

   

لاپرواہی کا مظاہرہ، وردھناپیٹ کے سرکاری ہاسپٹل میں واقعہ ، ڈاکٹرس کی معذرت خواہی

حیدرآباد ۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) ڈیلوری کیلئے ہاسپٹل پہنچنے والی خاتون کا آپریشن کرنے کے بعد روئی پیٹ میں چھوڑ کر ٹانکے ڈالنے کے بعد خاتون کو گھر روانہ کردینے کا واقعہ ضلع ورنگل کے وردھنا پیٹ سرکاری ہاسپٹل میں پیش آیا۔ وردھناپیٹ میونسپلٹی کے حدود میں واقع باوی کنٹہ تانڈہ کی خاتون سوجنیا کو 16 جون کو ڈیلوری کیلئے 100 ایمبولنس کے ذریعہ سرکاری ہاسپٹل کو روانہ کرنے کے دوران راستے میں ہی نارمل ڈیلوری ہوگئی۔ ہاسپٹل پہنچانے پر ڈاکٹرس اور طبی عملہ نے معائنہ کرتے ہوئے ماں اور بچہ دونوں صحتمند ہونے کا خاتون کے شوہر این دیویندر کو یقین دلایا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ خون زیادہ بہہ رہا ہے، اس لئے چھوٹے آپریشن کی ضرورت ہے۔ آپریشن کے بعد خاتون کو دو ٹانکے ڈال کر گھر روانہ کیا گیا۔ اس دن سے سوجنیا کی صحت ناساز تھی۔ پیٹ میں درد کی شکایت پر دیویندر نے اپنی شریک حیات کو ورنگل کے ایک خانگی ہاسپٹل سے رجوع کیا۔ ڈاکٹروں نے خاتون کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ آپریشن کے بعد روئی کو پیٹ میں چھوڑ دیا گیا ہے جس پر دونوں میاں بیوی تشویش میں مبتلاء ہوگئے اور جمعہ کو دونوں سرکاری ہاسپٹل پہنچ کر اپنا احتجاج درج کروایا۔ سرکاری ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے آپریشن کرکے روئی پیٹ میں چھوڑ دینے کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے جوڑے سے معذرت خواہی کی۔ فوری آپریشن کرتے ہوئے روئی کو باہر نکالا اور کہا کہ سوجنیا کو اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔ن