آپ ’’نوٹا‘‘ کسی اور جماعت کو ووٹ دیں میں ہی کامیاب ہونگا : ڈی اروند

   

ووٹ چوری مہم کے دوران بی جے پی کے ایم پی کا پرانا ویڈیو فی الحال سوشل میڈیا میں وائرل
حیدرآباد ۔ 16 اگست (سیاست نیوز) ملک کی سیاست میں زبردست ہلچل مچانے والی ’’ووٹ چوری‘‘ کی سیاست اب تلنگانہ میں بھی زور دکھانے لگی ہے۔ کانگریس کے قائد راہول گاندھی کے علاوہ انڈیا اتحاد کی حلیف جماعتوں نے الیکشن اور بی جے پی کی ملی بھگت سے ووٹ چوری کرنے کے الزامات عائد کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے اس معاملے میں جنگ کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے خلاف مہم چلانے کیلئے ایک ویب سائیٹ پورٹل بھی شروع کی ہے اور اس مہم میں شامل ہونے کی عوام سے اپیل کی جارہی ہے۔ اس تناظر ’’ووٹ چوری‘‘ کا معاملہ تلنگانہ میں بھی سر ابھارنے لگا ہے۔ ماضی میں حلقہ لوک سبھا نظام آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعہ تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل مچارہا ہے جس میںانہوں نے کہا کہ آپ کسی کو بھی ووٹ دیں بی جے پی ہی کامیاب ہوگی۔ اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا میں تیزی سے گردش کررہا ہے۔ ڈی اروند نے کہا کہ عوام چاہے ’’نوٹا‘‘ کو ووٹ دیں تو بھی وہ ہی کامیاب ہوں گے۔ چاہے ’’کار‘‘ بی آر ایس کا انتخابی نشان یا (ہاتھ) کانگریس کا انتخابی نشان کسی کو بھی ووٹ دیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بالآخر میں (ڈی اروند) ہی کامیاب ہوں گا۔ ووٹوں کی دھاندلیوں پر جاری تنازعہ کے درمیان نظام آباد کے ایم پی دھرم پوری اروند کے پچھلے تبصروں کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہورہا ہے۔ ڈی اروند کی تقریر کا یہ ویڈیو اگست 2023ء سے متعلق ہے لیکن فی الحال ووٹرلسٹ اور ای وی ایم تنازعہ کے پیش نظر کانگریس اور بی آر ایس کے حامی ڈی اروند کا پرانا ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل کررہے ہیں اور یہ دعویٰ کررہے ہیکہ اروند کا تبصرہ اس بات کا ثبوت ہیکہ بی جے پی نے غلط طریقوں سے الیکشن جیتا ہے۔2