آگرہ میں مندر ہٹائے جانے کیخلاف مسلمان بھی پیش پیش

   

آگرہ : اتر پردیش کے آگرہ میں راجہ کی منڈی ریلوے اسٹیشن پر واقع دیوی مندر کو ہٹانے کے خلاف احتجاج کررہی ہندو تنظیموں کے حق میں مسلم کمیونٹی کے لوگ بھی کھڑے ہو گئے ہیں۔غور طلب ہے کہ اس اسٹیشن کی توسیع میں درپیش مشکلات کے پیش نظر ڈویژنل ریلوے منیجر نے مندر کو منتقل کرنے کا نوٹس دیا ہے ۔ اس کے علاوہ آگرہ چھاونی ریلوے اسٹیشن پر بھی ایک مزارکوہٹانے کا نوٹس دیا گیا ہے ۔مندر کوریلوے اسٹیشن سے بھی قدیم بتاکر اسے ہٹانے کے فیصلے کی مخالفت کی جارہی ہے ۔بجرنگ دل کے صوبائی شریک کنوینر دگ وجے ناتھ تیواری نے انتباہی لہجے میں کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر واقع قدیم چامنڈا مندر جبراً شفٹ کرنا منظورنہیں ہے اورمندر ہٹانے کے فیصلے پر ریلوے انتظامیہ کو نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔آج صبح بی جے پی لیڈر شبانہ کھنڈیلوال کی قیادت میں مسلم کمیونٹی کے کچھ لوگ بھی مندر کی حمایت میں پہنچ گئے ۔ انہوں نے چامنڈا دیوی مندر کے درشن کئے اور مندر کے پجاری کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مندر پر بلڈوزر نہیں چلنے دیں گے اور ضرورت پڑنے پر بلڈوزر کے آگے لیٹ کر مندر کی حفاظت کریں گے ۔