آیا رام گیا رام قائدین کی کانگریس میں اہمیت میں اضافہ

   

پی سی سی صدارت کیلئے میں اور جانا ریڈی دوڑ میں ، ہنمنت راؤ کا بیان

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈ ر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر آیا رام گیا رام قائدین کو پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت دی جاتی ہے تو وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں وہ اور سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی شامل ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے ہنمنت راؤ تلنگانہ کانگریس قیادت اور اعلیٰ کمان سے ناراض چل رہے ہیں۔ گزّشتہ سات ماہ سے وہ راہول گاندھی اور پرینکا سے ملاقات کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ راجیو گاندھی کی جینتی یعنی 20 اگسٹ کے بعد اپنے حامیوں کے ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دیں گے اس کے باوجود کانگریس اعلیٰ کمان نے انہیں بات چیت کیلئے مدعو نہیں کیا۔ پارٹی میں ناراض چل رہے ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس میں آیا رام گیا رام قائدین کی سرگرمیاں بڑھ چکی ہیں ۔ ہر پروگرام سے پہلے چار کارکنوں کو بھیج کر تائید میں جئے کے نعرے لگاتے ہوئے بڑے لیڈر بن چکے ہیں۔ ایسے قائدین کو اگر پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت دی جائے گی تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کل پرسوں پارٹی میں آنے والے قائدین پردیش کانگریس کی صدارت پر دعویداری پیش کریں تو ہم کیوں خاموش رہیں گے۔ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے کریم نگرکے رکن کونسل جیون ریڈی اور ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کے نام زیر غور ہونے سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ان کے علاوہ جانا ریڈی صدارت کی دوڑ میں ہیں۔کانگریس قائدین کی جانب سے کل تمڈی ہٹی پراجکٹ کے معائنہ کے موقع پر ہنمنت راؤ اور جانا ریڈی کو نظر انداز کردیا گیا۔ ہنمنت راؤ میڈیا کی گیلری میں آکر بیٹھ گئے جبکہ جانا ریڈی اسٹیج پر برقرار رہے۔ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے اسٹیج پر آنے کی اپیل کی لیکن ہنمنت راؤ نیچے بیٹھے رہے بعد میں سینئر قائدین کی مداخلت پر وہ اسٹیج پر آگئے۔