ابراہیم پٹنم میں کانگریس و بی آر ایس کارکنوں میں تصادم

   

پرچہ نامزدگی کے ادخال کے دوران سارا علاقہ میدان جنگ میں تبدیل‘پولیس کا لاٹھی چارج
حیدرآباد 9 نومبر (سیاست نیوز) سیاسی جماعتوں میں لفظی جنگ اب انتخابات کے قریب ہاتھا پائی میں بدلتی جارہی ہے۔ ابراہیم پٹنم علاقہ میں آج پرچہ نامزدگی کا موقع میدان جنگ میں بدل گیا اور پولیس کو حالات پر قابو پانے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصادم کشیدگی کا سبب بن گیا اور دونوں گروپ ایک دوسرے سے جھگڑ پڑے۔ اس دوران پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا جس میں سیاسی کارکنوں کے علاوہ بعض ملازمین پولیس بھی زخمی ہوگئے۔ تاہم پولیس نے فوری اقدام کرکے حالات کو بگڑنے سے بچالیا۔ مقامی دونوں گروپس کو قابو میں کرنے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا اور حالات پر قابو پالیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج کانگریس اور بی آر ایس امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے پہونچے اور دونوں امیدوار منچی ریڈی کشن ریڈی (بی آر ایس) اور مال ریڈی رنگا ریڈی کانگریس ریالی کی شکل میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے پہونچے۔ دونوں پارٹیوں کے امیدواروں کی ریالی آمنے سامنے ہوگئی اور اس دوران نعرہ بازی سے جھگڑا شروع ہوا۔ ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کرکے پارٹی کارکن جھنڈیوں سے ایک دوسرے پر حملہ کرنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی شروع ہوگئی اور پولیس کو مداخلت کرنی پڑی اور اس دوران پتھراؤ کے بعد حالات کشیدگی کا رُخ اختیار کرگئے۔ تقریباً ایک درجن کارکن و چند پولیس ملازمین بشمول ایک خاتون پولیس عہدیدار زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر پولیس کا معقول بندوبست تھا۔ تاہم زائد فورس نہ ہونے کے سبب کشیدگی پیدا ہوگئی۔ پولیس پر الزام ہے کہ دونوں امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے موقع پر خاطر خواہ بندوبست نہیں کیا گیا اور حالات کا اندازہ لگانے میں ناکام رہی۔ اطلاع پر کمشنر پولیس راچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان ابراہیم پٹنم پہونچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے ہاسپٹل پہونچ کر زخمی پولیس ملازمین سے ملاقات کی اور میڈیا کو بتایا کہ ایسی کسی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیگی۔ انھوں نے کہاکہ خاطر خواہ تعداد میں فورس کے باوجود واقعہ کا پیش آنا افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہاکہ راچہ کنڈہ میں پرامن انتخابات کیلئے پولیس ہرممکن اور مؤثر اقدامات کرے گی اور چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ ع