ابنائے وطن کو اخلاق سے متاثر کرنے مسلمانوں کو تلقین

,

   

حکومتوں کو مذہبی امور میں مداخلت سے گریز کا مشورہ، عید الفطر کے اجتماعات، علماء کرام کے خطابات

حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) مسلم قوم اپنے اخلاق اور کردار کے ذریعہ دیگر ابنائے وطن کو متاثر کریں تاکہ ان تک اسلام کی حقیقی تعلیمات پہنچائی جاسکیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر فضاء کو مکدر کرنے کی جو کوشش کی جار ہی ہے اُس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے لیکن جس انداز میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہاہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر مسلمانوں کو اپنے ضرورتمند بھائیوں کے علاوہ دیگر ابنائے وطن کی مدد کرنی چاہئے ۔حکومتوں کو کسی بھی قوم کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے بجائے بہتر حکمرانی کی فراہمی پر توجہ دینی چاہئے۔ عید الفطر کے اجتماعات کے دوران عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید سے قبل علماء اکرام نے اپنے خطابات میں ان باتوں پر زور دیا۔ عید گاہ میر عالم میں نماز عید الفطر سے قبل مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ اور مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ نے فضائل عید بیان کئے ۔ دو سال بعد عیدگاہ میر عالم پر روح پرور مناظر دیکھے گئے ۔ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے نماز عید الفطر کی امامت کی ۔ عیدگاہ ریڈ ہلز گراؤنڈ میں خطیب و امام جامع مسجد ٹین پوش مولانا محمد عبید الرحمن اطہر ندوی نے نماز عیدالفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا قبل ازیں فضائل عید بیان کئے ۔ عید گاہ قدیم گنبدان قطب شاہی میں بھی بڑی تعداد میں مسلمانوں نے دو سال بعد نماز عید ادا کی ۔ عید گاہ عنبر پیٹ‘ عید گاہ بالامرائی ‘ عیدگاہ مادنا پیٹ‘قلی قطب شاہ اسٹیڈیم ‘ این ٹی آر اسٹیڈیم‘ عیدگاہ شاہین نگر کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ و قاری عبداللطیف نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ جامع مسجد چوک میں مولانا حافظ محمد عبدالحئی قریشی نے نماز عید الفطر پڑھائی اور خطبہ دیا۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں نماز عید الفطر سے قبل مولاناحافظ محمد احسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی نے حالات حاضرہ اور فضائل عید پر فکرانگیز خطاب کیا۔ بعد ازاں نماز عید کی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیئے ۔ جامع مسجد بارکس ‘ جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی ‘ جامع مسجد مشیر آباد‘ جامع مسجد سنی پورہ سکندرآباد‘ جامع مسجد قطب شاہی خیریت آباد‘ عید گاہ مقطعہ مدار صاحب کے علاوہ دیگر مقامات پر نماز عید الفطر ادا کی گئی۔نماز عید ادا کرنے والوں نے کورونا وائرس وباء سے قبل کے حالات کو محسوس کرتے ہوئے کہا کہ دو سال بعد عید کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ عید الفطر کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد کے قریب جی ایچ ایم سی کی جانب سے صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں شیخ عبدالرحیم خرم جامعی نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ قبل ازیں انہوں نے ملک کے حالات اور مسلمانوں کی ذمہ داریوں کے متعلق کہا کہ ماہ رمضان المبارک دراصل ایمان کو تازہ کرتے ہوئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے ۔ انہو ںنے عامۃ المسلمین کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ حالات میں صبر اور نماز کے ذریعہ اللہ کو راضی کرنے کے ساتھ ساتھ دعاء کو اپنا ہتھیار بنائیں کیونکہ اللہ کے رسول ؐ نے دعاء کو مومن کا ہتھیار قرار دیا ہے۔ عید گاہ اجالے شاہ ؒ سعید آباد میں نماز عید الفطر سے قبل مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی اوڈیشہ و تلنگانہ نے فضائل عید الفطر بیان کئے ۔ عید گاہ یوسف گوڑہ کے علاوہ دونوں شہروں کی عیدگاہوں پر سیاسی قائدین و ارکان اسمبلی نے بلاتفریق مذہب پہنچ کر مسلمانو ںکو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ م