ابوظہبی میں کورونا ویکسین کا تیسرا اور آخری مرحلہ شروع

   

ابوظہبی۔ابوظہبی میں کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے کلینکل ٹرائلز کا تیسرا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے۔ یہ بات امارات کے سرکاری میڈیا آفس نے بتائی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی فہرست میں کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین کی آزمائشی تیاری کے لیے ابوظہبی میں کلینکل ٹرائل کا یہ تیسرا مرحلہ ہے۔ابوظہبی میں اس کلینکل ٹرائل میں چین کے نیشنل بائیوٹیک گروپ (سی این بی جی) سینوفرم، ابوظہبی کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی گروپ 42 اور ابوظہبی کے محکمہ صحت کے درمیان شراکت قائم ہے۔ابوظہبی محکمہ صحت کے چیئرمین شیخ عبد اللہ بن محمد آل حامد اس آزمائشی مرحلے میں شریک ہونے والے پہلے شخص ہیں ان کے بعد قائم مقام سیکریٹری جمال الکعبی کا نام آتا ہے۔یہ ویکسین کلینیکل آزمائش کے پہلے اور دوسرے مراحل سے گزر چکی ہے۔ اس ویکیسن کا کوئی سنگین منفی ردعمل سامنے نہیں آیا۔یہ ویکسین آزمائشی مرحلے میں شامل تمام رضاکاروں میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے صد فیصد اینٹی باڈیز تیار کرے گی۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایجنسی نے کہا ہے کہ کلینیکل آزمائشی عمل عام طور پر تین مراحل میں ہی ہوتا ہے۔ پہلے مرحلے میں بنیادی طور پر ویکسین کی حفاظت پر غور کیا جاتا ہے۔دوسرے مرحلے میں ایک محدود تعداد میں حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل کیا جاتا ہے۔جبکہ تیسرے مرحلے میں کئی لوگوں کے ٹسٹ کے نمونے کے ساتھ ویکسین کی تاثیر پر غور کیا جاتا ہے۔اگر کلینیکل ٹرائل کے پورے عمل میں کسی ویکسین کی محفوظ اور موثر تصدیق ہو جائے تو ٹسٹ کامیاب سمجھا جاتا ہے اور ویکسین بڑے پیمانے پرتیاری کے مرحلے میں داخل ہو جاتی ہے۔