ابھیشک بنرجی کا گورنر کے مکتوب پر اظہار تشکر

   

کولکتہ: ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے گورنر کا خط ملنے کے بعد شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ بنگال کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ہیں ۔کل شام چار بجے گورنر سے راج بھون میں بنرجی نے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے راج بھون کے باہر جاری مظاہرہ کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔گورنر کل شام ہی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے تھے اور آج انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے ۔گورنر نے ابھیشیک بنرجی کے نام آج خط لکھ کر کہا ہے کہ ان کے میمورنڈم اور شکایات کو انہوں نے مرکزی حکومت تک پہنچادیا ہے ۔ابھیشیک بنرجی نے گورنر کا خط موصول ہونے کے بعد منگل کو ایکس (سابقہ ٹوئیٹر) پر بوس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بنگال کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آپ کی کوششوں کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں ۔گورنر نے پیر کو راج بھون میں ترنمول کانگریس کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی شکایات اور مطالبات سے مرکزی حکومت کو آگاہ کردیا جائے گا۔گورنر نے آج منگل کی صبح تقریباً 11 بجے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان ایک گھنٹے تک میٹنگ ہوئی ۔تاہم بوس نے یہ نہیں بتایا کہ وہاں کیا بات چیت ہوئی ہے ۔ اس کے بعد منگل کو ایکس پرابھیشیک بنرجی نے لکھاکہ بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس کو میرا شکریہ ہے بنگال کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے انہوں نے کوشش کی ہے ۔ میں مغربی بنگال کے 21 لاکھ لوگوں کے معاملے میں ان کی فوری مداخلت کے لیے بھی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔