جنوبی 24 پرگنہ میں واقعہ ۔ ترنمول لیڈر مہلوک پارٹی کارکن کے گھر پرسہ دینے پہونچے تھے
کولکاتہ 30 مئی ( ایجنسیز ) ترنمول کانگریس لیڈر ابھیشیک بنرجی کو آج سیاسی مخالفین کی جانب سے حملے کا نشانہ بنایا گیا اور مقامی افراد نے ان کے ساتھ دھکم پیل کرکے انڈے پھینکے ۔ ابھیشیک بنرجی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد تشدد میںمتاثر پارٹی ورکرس سے ملاقات کیلئے وہاں گئے تھے ۔ حملے کے بعد ابھیشیک بنرجی کو اپولو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی سابق چیف منسٹر و پارٹی سربراہ ممتابنرجی دواخانہ پہونچ گئیں۔ یہ واقعہ ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے سونار پور میں پیش آیا ۔ کچھ ترنمول ورکرس کو انتخابات کے بعد مخالف جماعت کے قادئین نے حملوں کا نشانہ بنایا تھا ۔ ابھیشیک بنرجی اس کارکن کے گھر ملاقات کیلئے پہونچے تھے جو تشدد میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ اس موقع پر مقامی عوام اور مخالفین نے ابھیشیک بنرجی کا راستہ روک لیا اور چور چور کے نعرے بھی لگائے ۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ ابھیشیک بنرجی ایک سفید شرٹ اور کرکٹ ہیلمٹ میں تھے اور وہ ان کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ہجوم کے درمیان سے گذر رہے تھے ۔ پولیس اہلکار بھی وہاں پہونچ گئے اور انہوں نے ترنمول کو وہاںسے نکالا ۔ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ یہ حملہ منظم اور منصوبہ بند تھا ۔ یہ لوگ انہیں ہلاک کردینا چاہتے تھے ۔ ممتابنرجی نے اس واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں اب حکمران ہی قاتل بن گئے ہیں۔ یہ بی جے پی کیلئے شرم کی بات ہے ۔