پرتاپ گڑھ : پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مظفر نگر کے ایک اسکول میں ٹیچر کے ذریعہ نفرت کی بنیاد پر ہندو طلبہ کو اکسا کر مسلم طالب علم کو پٹوانا نفرت انگیز حرکت ہے ، جس کو برداست نہیں کیا جا سکتا ، یہ کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،حکومت اگر ذرا سی بھی حساس ہے تو وہ فورا متعلقہ متعصب خاتون ٹیچر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے ۔انہوں نے تعصب کی بنیاد پر ہندو طلبہ سے مسلم طالب علم کو پٹوانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں پھیل رہا نفرت کا زہر تعلیم اداروں تک پہونچ چکا ہے ، جس سے مسلم طلبہ محفوظ نہیں ہیں ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ آج ملک کو نفرت کی سیاست نے کہاں سے کہاں تک پہونچا دیا ، کہ یہ زہر اب تعلیمی اداروں تک پہونچ چکا ہے ۔ہندو مسلم کے نام پر سیاست کرنے والی بی جے پی اپنے سیاسی مفاد کے لئے ملک کے بھائی چارہ و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔آج اسکول میں ٹیچر کے ذریعہ مسلم طالب علم کو غیر مسلم طلبہ سے پٹوایا جا رہا ہے ،کل اسی طرح اور حالات ابتر ہو سکتے ہیں ۔