اتار چڑھاؤ کے باوجود کامیابی سے خوش ہوں:کوہلی

   

دبئی۔ ممبئی انڈینز کے خلاف سوپر اوورکی فتح میں سانسیں روک دینے والے میچ کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ انہیں اتارچڑھاؤ کے کھیل میں جیت حاصل کرنے کی خوشی ہے ۔بنگلور نے ممبئی کو202 رنزکا ہدف دیا تھا اور ایشان کشن کے99 اورکیرون پولارڈ کے ناقابل شکست 60 رنزکی بدولت ممبئی نے20 اوورز میں201 رنز بنائے ۔ میچ کا نتیجہ ایک سوپر اوورمیں ہوا جہاں بنگلور نے ممبئی کو شکست دی۔ کوہلی نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ یہ ایک اتار چڑھاؤ والا میچ تھا اورمجھے یہ میچ جیت کر بہت خوشی ہوئی۔ درمیانی اوورز میں بہترین کھیل پیش کرنے کے باوجود ممبئی نے بہت عمدہ واپسی کی۔ ہم نے اپنی حکمت عملی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔ ہمیں بہت قریب سے فتح ملی۔ یہ صرف میدان میں اترنا اور ذمہ داری سنبھالنے کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم موقع سے محروم ہوجاتے تو میچ اتنا قریب نہ ہوتا۔دیپ سینی نے سوپر اوور میں عمدہ بولنگ کی۔