نئی دہلی : اترپردیش میں دینی مدارس سے متعلق رپورٹ ایس آئی ٹی نے حکومت کو سونپ دی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں حکومت سے 13 ہزار (غیر منظور شدہ) مدارس کو بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ وہیں ایس آئی ٹی کی سفارش کے بعد مدرسہ بورڈ بھی ایسے مدارس کے خلاف کارروائی کرنے کی تیاری کررہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں جن مدارس کو بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے ان میں زیادہ تر مدارس ہندوستان ۔ نیپال سرحد پر واقع ہیں ۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جب مدارس کے ذمہ داروں سے آمدنی سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہے ۔ رپورٹ میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ ’ غیرقانونی مدارس میں بچوں کا جسمانی استحصال بھی کیا جاتا ہے ‘ ۔ مدارس سے متعلق ایس آئی ٹی کی رپورٹ پر ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی بھی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن اس رپورٹ کو لیکر گودی میڈیا میں خوب تشہیر کی جارہی ہے اور دینی مدارس کے خلاف ماحول بنانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ جہاں ایک طرف ایس آئی ٹی کی رپورٹ پر مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے وہیں میڈیا میں اس خبر کو لیکر خوب تشہیر کی جارہی ہے اور غیر منظور شدہ مدارس کو غیرقانونی مدارس لکھا جارہا ہے ۔