لکھنؤ:اتر پردیش کے باندہ ضلع میں کشتی ڈوبنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمنا ندی میں ہوئے اس حادثہ میں 20 لوگ غرق ہو گئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال 2 نعشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ ’’فتح پور سے مرکا گاؤں جا رہی مسافروں سے بھری ایک کشتی جمنا ندی میں پلٹ گئی۔ اس میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ کشتی پر موجود لوگوں کی اصل تعداد کا پتہ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے، اور ڈوبے لوگوں کی تلاشی کے لیے مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔‘‘اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کام تیزی کے ساتھ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حادثہ رکشا بندھن کے موقع پر تب ہوا جب لوگ اپنے گھر والوں سے ملنے کے لیے ندی پار کر رہے تھے۔ اور انھیں کہا گیا ہیکہ راحت کاری کے دوران ندی سے نکالے جا رہے لوگوں کو مناسب علاج مہیا کرایا جائے۔ انھوں نے حادثہ میں ہوئی ہلاکتوں پر اظہارِ غم بھی کیا اور مغموم اہل خانہ کے تئیں ہمدردی بھی ظاہر کی۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشتی میں 30 لوگ سوار تھے اور حادثہ اس وقت ہوا جب کشتی فتح پور سے مرکا گاؤں جا رہی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ندی پار کرتے وقت کشتی بھنور میں پھنس گئی تھی جس کی وجہ سے یہ پلٹ گئی۔ نائب تحصیلدار نے بتایا کہ امدادی امور جاری ہیں۔ غوطہ خوروں کی مدد سے لوگوں کو ندی سے نکالا جا رہا ہے۔ اس حادثہ نے خوشی کے تہوار کو غم میں بدل دیا۔