اجتماعی خودکشی واقعہ پر شہر میں سنسنی

   

پنجاب کے خاندان کا مالی پریشانیوں پر اقدام خودکشی
حیدرآباد۔/11 جولائی، ( سیاست نیوز) مالی پریشانی کے سبب پیش آئے اجتماعی خودکشی کے واقعہ سے شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان جو شہرمیں مقیم تھا اس خاندان کے 4 افراد نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ عنبر پیٹ پولیس حدود میں یہ دردناک واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 افراد میں والدین فوت اور بچے زندہ ہیں۔ 60سالہ پون کربنڈہ اور ان کی بیوی 55 سالہ نیلم کر بنڈہ اس واقعہ میں فوت ہوگئے۔ جبکہ ان کے بچے بیٹی 34 سالہ منو اور لڑکا38 سالہ نکھیل زیر علاج ہیں۔ دو دن سے اس خاندان کی خاموشی کا آج صبح گھریلو ملازمہ کے سبب تار ٹوٹا۔ فوری طور پر گھریلو ملازمہ نے پڑوسیوں کو چوکس کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی اور چاروں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں دو افراد فوت ہوگئے اور دو افراد کا علاج جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پون کربنڈہ کا تعلق ریاست پنجاب سے ہے جو 2 سال قبل شہر منتقل ہوگیا تھا اور عنبر پیٹ ڈی ڈی کالونی میں رہتے تھے۔ مالی پریشانیوں کے سبب ان کے بچوں کی شادیاں بھی نہیں ہوئی تھی اور گزشتہ چند روز سے نیلم کی صحت خراب رہتی تھی۔ گزشتہ روز ہاسپٹل سے واپس ہونے کے بعد ان کے مکان سے کوئی باہر نہیں نکلا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کولڈرنکس میں نیند کی گولیوں کی زائد مقدار ملا کر اس کا استعمال کرلیا۔ پولیس عنبرپیٹ مصروف تحقیقات ہے۔