اجمیر میں رباط کی تعمیر کا عنقریب آغاز: محمود علی

   

تلنگانہ بھون سے درگاہ اجمیر شریف کو غلاف کی روانگی
حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عرس حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے ضمن میں خصوصی غلاف روانہ کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب میں وزیر داخلہ نے بی آر ایس جوبلی ہلز کے قائد سید محمد حسین اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے غلاف مبارک کی تیاری پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر تلنگانہ میں امن و امان، بھائی چارہ، گنگا جمنی تہذیب کی برقراری اور ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی گئی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کی گئی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے عنقریب غلاف مبارک اجمیر روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2001 سے ہر سال پابندی کے ساتھ اجمیر شریف کو غلاف روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس تقاریب میں بلالحاظ مذہب و ملت عوام شرکت کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے اجمیر میں تلنگانہ کے زائرین کی سہولت کیلئے رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ایک ایکر اراضی خریدی گئی ہے۔ تعمیری کاموں کا عنقریب آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ملک کے واحد سیکولر قائد ہیں جو تمام طبقات کی یکساں ترقی میں یقین رکھتے ہیں۔ اس موقع پر بی آر ایس کے اقلیتی قائدین عارف الدین، صلاح الدین لودھی، لطیف شرفن اور دوسرے موجود تھے۔ر