ممبئی، 18 ستمبر (پی ٹی آئی) بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں رکن ریاستی یونٹس نے بورڈ کے عہدیداروں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا کہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر کی مدت کار میں توسیع کی جائے یا ان کی جگہ کسی نئے شخص کا تقررکیا جائے۔ موجودہ چیئرمین سلیکٹرز اجیت اگرکر اس وقت توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، کیونکہ ان کا معاہدہ اگلے ماہ کے اوائل میں ختم ہونے والا ہے اور بی سی سی آئی ان کی جگہ نئے امیدوار کی تلاش کرسکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا، سلیکشن کمیٹیوں سے متعلق معاملات پر فیصلے کرنے کے لیے عہدیداروں کو اختیار دے دیا گیا ہے۔ تاہم عہدیدار نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگرکر کی مدت میں توسیع کی جائے گی یا نیا چیئرمین سلیکٹرز مقررکیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی 95 ویں سالانہ جنرل اجلاس میں بورڈ سے وابستہ ریاستی رکن کرکٹ اسوسی ایشنزکے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی نے کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال اور سابق فاسٹ بولر وینکٹیش پرساد نے کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔