اجیت پوار کا گروپ حقیقی این سی پی، الیکشن کمیشن کی رولنگ

,

   

نئی دہلی : شرد پوار کیلئے بڑے جھٹکہ والے اقدام میں الیکشن کمیشن نے منگل کو اجیت پوار کے گروپ کو حقیقی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے طور پر تسلیم کرلیا۔ کمیشن کا فیصلہ قانون ساز ایوان میں اکثریت پر مبنی ہے۔ اس طرح اجیت پوار کے گروپ کو این سی پی کا انتخابی نشان ’’گھڑی ‘‘ عطا کردیا گیا ہے ۔ جب سے اجیت پوار نے اپنے چچا شرد پوار کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی اور شیوسینا(شنڈے گروپ) کے ساتھ مل کر مہاراشٹرا میں نئی حکومت تشکیل دی ، تب سے این سی پی میں داخلی طور پر کافی رسہ کشی ہوتی رہی اور انتخابی تنازعات ابھرتے رہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلہ میں کہا گیا کہ کمیشن درخواست گزار اجیت اننت راؤ پوار زیر قیادت گروپ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) سمجھتا ہے اور اسے اس نام کو استعمال کرنے کا حقدار قرار دیتا ہے۔ چنانچہ یہ گروپ تمام انتخابی مقاصد کیلئے گھڑی کو انتخابی علامت کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ 6 ماہ میں 10 سے زیادہ سماعتوں کے بعد الیکشن کمیشن نے اجیت پوار گروپ کے حق میں این سی پی تنازعہ کی یکسوئی کی ہے۔ کمیشن نے شرد پوار کیمپ کو آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کا نیا نام رکھنے کی ہدایت دی ہے۔