پرانے شہر میں رضاکارانہ بند، پولیس کا مشکوک رویہ
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) ملین مارچ کی تائید میں رضاکارانہ طور پر بند کئے گئے بازار اور دکانات سے مارکٹ میں سناٹا چھایا رہا۔ پرانے شہر کے علاقہ میں بند مارکٹ میں پولیس کا رول مشکوک دیکھا گیا۔ دکانداروں نے پرانے شہر کے علاقہ میں دکانات رضاکارانہ طور پر بند کرتے ہوئے ملین مارچ کی تائید اور متنازعہ قانون کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی تو وہیں ان دکانات کے شٹرز پر این آر سی کے خلاف پوسٹر چسپاں کرکے بند دکانات کے ذریعہ بھی احتجاج ظاہر کیا گیا جس کو پولیس ملازمین نکالتے ہوئے نظر آئے اور ان پرچیوں اور پوسٹرز کو پولیس کا عملہ پھاڑ رہا تھا۔ تاہم ملین مارچ میں شرکت کیلئے جارہے احتجاجیوں اور مظاہرین نے پرامن انداز میں اپنا احتجاج جاری رکھا اور شہر میں ایک تاریخ رقم کی۔