احمد آباد کی پچ کو آئی سی سی نے اوسط درجہ دیا

   

نئی دہلی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ جس نے19 نومبر کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ونڈے ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کی تھی، اس پچ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ’’اوسط‘‘ کا درجہ دیا ہے۔ آئی سی سی میچ ریفری اور زمبابوے کے سابق بیٹر اینڈی پائی کرافٹ نے تاہم آؤٹ فیلڈ کو بہت اچھا قراردیا۔آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کا فائنل ہندوستان کو ایک ایسی پچ پر چھ وکٹوں سے شکست دے کر جیت لیا تھا جو سست اور اوسط تھی۔ اس فائنل میں آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا حیران کن فیصلہ کیا جو ان کے بولروں نے درست ثابت کیا اور ہندوستان کو 240 کے اسکور پر محدود رکھا جس کے بعد جوابی اننگز میں ابتدائی نقصانات پر قابو پاتے ہوئے آسٹریلیا نے اوپنر ٹریوس ہیڈ کی یادگار سنچری کی بدولت چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کا خطاب حاصل کیا ۔