ادارہ سیاست، وقف بورڈ اور متولی قبرستان کے تعاون سے مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو نامپلی پولیس اسٹیشن کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ مزید 11 مسلم نعشوں کی درخواستیں اسی غرض سے موصول ہوئیں۔ جملہ 12 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ سید زاہد حسین شاہ قادری نے پڑھائی۔ اس موقع پر سید عبدالمنان نے حدیث شریف کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مسلم نعش بغیر نماز جنازہ دفن ہو جائے تو سارا محلہ جس کے علم میں یہ ہے گنہگار ہو جاتا ہے۔ بشریٰ تبسم صاحبہ نے کہا اس تدفین کے بارے میں کیا کہا جائے کہ ایک ہی گڑھے میں ہماری میتوں کو غیر مسلم نعشوں کے ساتھ دفن کردیا جائے یا جلا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قابل مبارکباد ہے وہ لوگ جو ملت فنڈ کے ذریعہ ان کے آخری سفر میں تعاون کررہے ہیں۔ جناب عبدالجلیل عارف بھائی مصری گنج نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ آج کی نماز جنازہ میں مصری گنج سے حبیب علی، غلام فاروق، سید زبیر ہاشمی، محمد عبدالجبار شریک تھے۔ ادارہ سیاست نے سی ای او وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کا کارخیر میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ جناب محمد عبدالجلیل نے ایڈیٹر سیاست کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک اس کام کو جو شروع کیا گیا تا قیامت جاری رکھے۔ آج کی تدفین متولی قبرستان نورخاں ان کے برادر اسحاق خاں اور محبوب خاں کی موجودگی میں ہوئی۔