حیدرآباد 21 فبروری ( راست ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو عبداللہ پور میٹ کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ 13 پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ جملہ 14 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں مولانا سید کے علاوہ محمد حمیدالدین ، مولانا سید خواجہ معزالدین اشرفی ، محمد ممتاز سید زبیر ہاشمی ، محمد مکرم علی شریک تھے ۔ اس موقع پر مولانا ہاشم قادری خطیب مسجد ماما نیک قدم نے کہا یہ بظاہر لاوارث ہیں اور اللہ پاک فرماتے ہیں جب بندے کا انتقال ہوتا ہے تو میں رہتا ہوں یا تم اور جب اللہ پاک رہتے ہیں کسی اور کے رہنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی ۔ سید نعیم الدین قادری نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعاء کی بشری تبسم نے جو اپنے شوہر سید عبدالمنان کے ساتھ اکثر کفن لے کر آتی ہیں کہا کہ کوئی کفن دیتا ہے تو اللہ جنت میں اس کو ریشم کا لباس عطا کریں گے ۔ محمد عبدالجلیل نے مغفرت کی دعاء کی ۔ اس موقع پر وقف بورڈ کے عہدیدار سید جلیل احمد ایم اے حلیم انسپکٹر وقف بورڈ ، ایم اے اعظم موجود تھے ۔ متولی قبرستان نورخان کا کارخیر میں حصہ لینے پر ادارہ سیاست شکریہ ادا کرتا ہے ۔ وقف بورڈ صدر نشین جناب محمد عظمت اللہ حسینی ، محمد اسد اللہ سی ای او عہدیدار کا بھی اس کارخیر میں بڑا حصہ رہا جس پر ادارہ سیاست ان عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہے۔