تجارتی جہاز پر حملے کی مذمت، تمام 13ہندوستانی شہری محفوظ

   

نئی دہلی،5اگست (یواین آئی) ہندوستان کی وزارتِ خارجہ نے یمن کے ساحل کے قریب بحیرۂ احمر میں بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ایم ایس وی فیض نور اولیا (MSV Faiz Noor Olia) پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے نتیجے میں جہاز ڈوب گیا، تاہم اس پر سوار تمام 13 بھارتی شہریوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے ۔ وزارتِ خارجہ نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ریاض میں واقع بھارتی سفارت خانہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے یمنی حکام کے ساتھ قریبی رابطے اور فعال تعاون جاری ہے ۔ وزارت نے امدادی کارروائیوں میں تعاون پر یمنی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بحیرۂ احمر کے علاقے میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملے انتہائی تشویشناک ہیں۔ وزارت کے مطابق اس خطے میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے ۔ وزارتِ خارجہ نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق بحیرۂ احمر کے بین الاقوامی آبی راستوں میں جہازوں کی آزادانہ آمدورفت اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جلد از جلد بحال کیا جانا ضروری ہے ۔