پولیس حراست کے بعد جسم پر چوٹوں کے نشانات سوشل میڈیا پر شیئر کئے
ممبئی ۔12؍اکتوبر ( ایجنسیز )بالی وڈ اداکار عامر خان کی بھانجی زین میری ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شامل ہوئیں اور اس دوران پولیس حراست میں لیے جانے کے بعد اپنے جسم پر چوٹوں کے نشانات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔زین میری نے اپنی انسٹاگرام ریل میں بازو، انگلیوں اور ٹانگوں پر موجود نشانات دکھائے۔اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ میں انٹرنیٹ پر ریاستی اقدامات کو بے نقاب کرتی ہوں، ہمیں اتنا خوف زدہ نہ کرو کہ ہمارے اندر خوف باقی ہی نہ رہے۔وہ ہفتہ کو ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے اور مبینہ طور پر ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے معاملے پر ووٹ دینے کا حق بحال کرنے کے مطالبے کے لیے ہونے والے احتجاج میں شریک تھیں۔زین میری نے اس سے قبل اداکار عمران خان اور لیکھا واشنگٹن کے ہمراہ حراست میں لیے جانے کی ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔ تینوں اداکاروں کو ہفتہ کو ممبئی کے آگست کرانتی میدان میں احتجاج کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔چند گھنٹوں بعد رہائی ملنے پر انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات بیان کیے۔