ادلب میں فضائی حملے ،34 ترک فوجی ہلاک

   

دمشق، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے صوبہ ادلب میں باغیوں کے قبضے والے علاقوں میں جمعرات کو فضائی حملے میں 34 ترک فوجی ہلاک ہو گئے ۔ سیرین فار آبزرویٹری ہیومن رائٹس نے کہا کہ ادلب دیہاتی علاقے اور بارہ اور بلین شہروں میں روس اور شام کے فضائی حملوں سے 34 ترک فوجی ہلاک ہو گئے ۔روس کے ترکی پر باغیوں کو موبائل اینٹی ایئر کرافٹ لانچر دستیاب کرائے جانے کے الزام کے بعد جمعرات کو اس علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ۔ باغیوں نے اینٹی ایئر کرافٹ لانچر سے روسی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا ۔ آبزرویٹری نے کہا کہ مشرقی ادلب کے دیہاتی علاقے میں سراقب شہر کے ارد گرد بھی لڑائی جاری ہے ۔ ترکی حمایت یافتہ باغیوں نے سراقب پر قبضہ کر لیا اور دمشق کو حلب سے جوڑنے والی ایم 5 شاہراہ کو منقطع کر دیا ۔ ادلب میں دو ماہ تک جاری شامی مہم کا مقصد شاہراہ کی حفاظت کرنا تھا ۔ اس ہفتے کے اوائل میں شامی فوج نے شاہراہ کو محفوظ کرنے کا اعلان کیا ۔ مقامی رپورٹوں کے مطابق روسی حماعت یافتہ فوج ایم 5 شاہراہ کو دوبارہ کھولنے کے لئے جوابی کارروائی کر رہی ہے ۔