نئی دہلی : ملک میں اب اراضیات کے رجسٹریشن کے لیے حکومت نے ایک نئی اسکیم متعارف کی ہے جس کا اطلاق 15 مئی سے ہوگا جس کے بعد رجسٹریشن کی فیس برائے نام یعنی 100 روپئے سے بھی کم ہوگی۔ اس اسکیم کو متعارف کرنے کا مقصد اراضیات کے رجسٹریشن اور مالکانہ حقوق کو آسان تر بنانا ہے۔ خصوصی طور پر کسانوں، کم آمدنی والے خاندانوں، خواتین اور دیگر ترجیحاتی گروپس کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اب تک اراضیات کے رجسٹریشن میں ہزاروں روپئے خرچ ہوجایا کرتے تھے اور جس کا انحصار بھی اراضی کے محل وقوع اور اس کی قیمت پر ہوا کرتا تھا جس کے لیے کافی وقت درکار ہوتا تھا اور کاغذی کارروائیاں بھی بہت زیادہ کرنی پڑتی تھیں جس کی وجہ سے یہ ایک طویل اور پیچیدہ عمل بن چکا تھا لیکن اب نئے قوانین کے بعد عوام کے چنندہ گروپس صرف 100 روپئے یا اس سے بھی کم فیس حاصل کرکے اراضیات کا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اس عمل کو تیز تر اور شفافیت سے انجام دے سکتے ہیں۔ حکومت اس عمل کو آن لائین کرتے ہوئے درمیانی افراد (ایجنٹس) کا عمل دخل ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کو تاخیر کا شکار ہونے سے روکنا چاہتی ہے۔