حیدرآباد ۔31۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے شرد نے ورنگل کلکٹر اور بعض دیگر عہدیداروں کی جانب سے اراضی تنازعہ کے ایک معاملہ میں جوابی حلفنامہ داخل کرنے میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے پرنسپل سکریٹری ریونیو ، کلکٹر ورنگل ، آر ڈی او ہنمکنڈہ اور تحصیلدار قاضی پیٹ کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت کے موقع پر شخصی طور پر حاضر رہیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر مذکورہ عہدیدار حلفنامہ داخل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں عدالت میں حاضر ہونا پڑے گا۔ جسٹس شرد 2019 میں شیام کمار اور دیگر دو افراد کی دائر کی گئی درخواست کی سماعت کر رہے تھے۔ درخواست گزاروں نے لوانی پٹہ کی اراضی کو 11 استفادہ کنندگان میں الاٹ کرنے کے خلاف اپیل کی ہے۔ درخواست گزاروں نے مذکورہ اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی ہے۔1