وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی ‘ طلباء کے احتجاج اور اپوزیشن کے دباؤ کا نتیجہ

,

   

گذشتہ 10 دن سے پیش آنے والے واقعات پر مجھے تکلیف ہوئی ۔ سوشیل میڈیا پر پوسٹ ۔صدر نے استعفی قبول کرلیا ۔ پرہلاد جوشی نئے وزیر تعلیم مقرر

نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) نیٹ پیپر لیک پر کاکروچ جنتا پارٹی کے بینر تلے طلبہ کے دھرنے اور مظاہرے اور اپوزیشن جماعتوں کے دباؤ کے درمیان مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ مسٹر پردھان نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو اپنا استعفیٰ بھیجا جسے قبول کرلیا گیا اور حکومت نے شام تک مسٹر پرہلاد جوشی کو ملک کا نیا وزیر تعلیم بھی مقرر کردیا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آج دوپہر نوجوانوں کے نام پوسٹ کیے گئے ایک خط میں دھرمیندر پردھان نے کہا کہ بچوں کے مستقبل اور ملک دشمن طاقتوں کو موجودہ حالات کا فائدہ اٹھانے سے روکنے انہوں نے استعفیٰ دیا ہے ۔ انہوں نے تحریر کیا کہ جنتر منتر پر اور ملک میں جو صورتحال بنی ہے ، اس صورتحال کا ملک دشمن طاقتیں فائدہ نہ اٹھائیں، ملک کی یکجہتی برقرار رہے ، ملک کے ایک بھی طالب علم کا مستقبل قانونی پیچیدگی میں نہ الجھے ، ہمارے بچے اپنا وقت پڑھائی میں لگائیں، کریئر بنانے پر فوکس کریں، اسی بات پر غور کرکے میں نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم کو بھیج دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے ذاتی وقار کا معاملہ نہیں ہے ۔ پچھلے 10 دن کے واقعات دیکھ کر ان کا دل دکھی ہے ۔ نوجوان طاقت کو ملک کی اصل طاقت بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو گمراہی کے جال میں پھنسنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کابینہ میں رہنمائی، اعتماد اور مسلسل تعاون کیلئے مودی کے تئیں اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ ملک کی خدمت کیلئے ہمیشہ وقف رہیں گے ۔ نیٹ پیپر لیک معاملے پر پردھان نے کہا کہ انہوں نے پہلے دن سے ہی ذمہ داری لی ہے اور کبھی صورتحال سے منہ نہیں موڑا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نیٹ پیپر لیک کے بعد کئی طلبا کو گمراہ کرنے ذمہ دار عہدوں پر بیٹھے افراد نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ عزم تھا کہ ہم کسی بھی ہونہار طالب علم کا مستقبل امتحان مافیا کی وجہ سے خراب ہونے نہیں دیں گے ، کسی بھی طالب علم کے ساتھ ناانصافی ہونے نہیں دیں گے ۔ وزیرِ تعلیم نے کہا کہ گزشتہ 03 مئی کو نیٹ امتحان میں بے ضابطگی کی بات سامنے آنے کے بعد حکومت نے فوری نوٹس لے کر تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کی اور امتحان کو منسوخ کیا نیز دوبارہ امتحان کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اگلے سال سے اس امتحان کو کمپیوٹر پر مبنی موڈ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ کے دوبارہ امتحان کیلئے پوری حکومت نے مل کر کام کیا اور ریاستی حکومتوں، بالخصوص ضلع انتظامیہ، طالب علموں اور ان کے والدین کے تعاون سے 21 جون کو یہ امتحان مکمل ہوا اور 16 جولائی کو نتائج تسلی بخش رہے جس میں غریبی سے آنے والے کئی ہونہار طالب علموں کو بھی کامیابی ملی۔ دو مرتبہ کے رکنِ پارلیمنٹ پردھان 07 جولائی 2021 سے وزیرِ تعلیم کے عہدہ پر فائز تھے ۔ انہوں نے لکھا کہ وہ پچھلی چار دہائیوں سے زائد عرصے سے طالب علم، استاد اور تعلیمی سدھار کیلئے وقف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ جمہوریت کی طاقت میں اٹوٹ یقین رکھنے والا رہا ہوں نیز نوجوانوں کی خواہشات، خوابوں اور توقعات کا احترام کرتا آیا ہوں۔ وہ صرف ہندوستان کا مستقبل ہی نہیں ہیں، بلکہ نئے اور وکست بھارت کے علمبردار، معمار اور مستقبل کوتشکیل دینے والے ہیں۔ میں ملک کے نوجوانوں کی خواہشات، جذبات اور ان کی جائز توقعات کا احترام کرتا ہوں۔ ہندوستان کی نوجوان نسل کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنا ہم سب کی سیاسی و سماجی زندگی کا اخلاقی عزم رہا ہے ۔ وزیرِ اعظم کی دور اندیش قیادت میں قوم کی خدمت کا جو موقع مجھے ملا اس کیلئے میں وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نیٹ پیپر لیک معاملے پر سی جے پی 20 جون سے دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا اور مظاہرہ کر رہی ہے ۔ ان کی حمایت میں سماجی کارکن سونم وانگ چوک نے 28 جون سے 26 دن کی بھوک ہڑتال کی تھی۔